بنگلورو،5؍دسمبر (ایس او نیوز) سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کووڈ۔19 کا ویکسین کم قیمت پر ضرورتمندوں کو فراہم کرنے اور معاشی طور پر کمزور طبقات کو یہ ویکسین مفت فراہم کرنے پر حکومت کو غور کرنے کا مشورہ دیاہے۔وزیراعظم نریندر مودی کی صدارت میں کووڈ۔19 پر منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں سمیت دیوے گوڑا نے بھی شرکت کی تھی۔ دیوے گوڑا کے دفتر نے یہ اطلاع دی ہے کہ اس اجلاس میں بھی گوڑا نے یہ مشورہ دیا تھا۔یہ ویکسین ایک مرتبہ کسی شخص کو دے دینے سے کیا وہ ہمیشہ کے لئے کووڈ۔19سے محفوظ ہوجائے گا؟ اس کا تفصیلی جائزہ لینے کا بھی مختلف لیڈروں نے مشورہ دیاہے کیونکہ اس وقت عوام اور حکومت کے سامنے سب سے بڑا سوال یہی ہے۔
گوڑا نے بتایا کہ یہ ویکسین کولڈ اسٹوریج کے ذریعہ ہی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کی جاسکتی ہے۔حکومت کو یہ سہولت دیہاتوں اور پسماندہ علاقوں میں فراہم کرنے پر بھی غور کرنا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں مرکزکتنے ویکسین درآمد کرے گا اور اگلے مرحلہ میں یہ ویکسین کیا ہندوستان ہی میں تیار کی جاسکتی ہے؟ ان تمام نکات کا جائزہ لینے کابھی گوڑا نے مرکز کو مشورہ دیا ہے۔حال ہی میں مودی نے احمد آباد، حیدر آباد اور پونے کی دوا ساز کمپنیوں کا دورہ کرکے کورونا وائرس کو ختم کرنے تیار کئے جارہے،ویکسین کی تیاری کا جائزہ لیا تھا۔